مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی نائب صدر رضا عارف اور کابینہ کے اراکین نے جنوبی صوبے ہرمزگان کی شہید رجائی بندرگاہ پر آتشزدگی کے واقعے میں کئی جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خون عطیہ کیا۔

صوبائی بلڈ بینک میں موجودگی کے دوران محمدرضا عارف نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سماج کا حصہ ہونے کے ناتے ہمارا فرض ہے کہ مشکلات کے وقت باہمی تعاون اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قوم کی دعاؤں اور طبی عملے کی کوششوں سے حادثے کے زخمی جلد از جلد مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
عارف نے مزید کہا کہ ہم وطنوں کی حمایت اور مدد ایک قومی فریضہ ہے۔ گذشتہ روز خون کی قلت کی اطلاع ملنے پر یہ مسئلہ کابینہ میں اٹھایا گیا اور ارکان نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمیں یقین تھا کہ عوام حسب سابق مدد کریں گے اور خون کی ضرورت پوری ہو جائے گی، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو بھی عوام کی صف میں شامل ہونا چاہیے۔ خوشی کی بات ہے کہ تمام وزراء نے بھرپور خیرمقدم کیا۔

نائب صدر نے اس موقع پر مزید کہا کہ عوام کے اسی جذبے نے انقلاب اسلامی کو برسوں سنبھالے رکھا ہے۔ ہر بحران میں عوام نے مسائل حل کیے ہیں۔ ہم نے کبھی کسی بحران میں ایسا لمحہ نہیں دیکھا کہ عوام نے حکومت کا ساتھ نہ دیا ہو۔ جب تک عوامی حمایت باقی ہے، ہم خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ہر مسئلہ عوام کی مدد سے حل کریں گے۔
