[]
مہر ایجنسی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی رسمی خبررساں ادارے نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ فواد حسین بدھ کے روز تہران کا دورہ کریں گے جہاں ایرانی ہم منصب سمیت دیگر اعلی حکام سے ملاقات ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔
اس سے پہلے بغداد میں آسٹریا کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فواد حسین نے دورہ تہران کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں نے مشترکہ سرحدوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے معاہدہ کیا ہے۔ عراق معاہدے پر عملدرآمد کے لئے سنجیدہ ہے دورہ تہران کے موقع پر اس حوالے سے مزید مذاکرات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ عشروں سے عراقی کردستان میں دہشت گرد عناصر کا وجود رہا ہے۔ عراق کسی بھی گروہ کو ہمسایہ ممالک کے خلاف کاروائی کی اجازت نہیں دے گا۔
فواد حسین نے مزید کہا کہ عراق اور ایران کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔ ہم دہشت گردوں کو دوست ملک ایران کے خلاف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔