پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں کس طرح پہنچ سکتا ہے؟

[]

کولمبو: ایشیا کپ ون ڈے میں 11 ستمبر کو ہندوستان کے ہاتھوں 228 رنز کی بڑی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں دو روز تک جاری رہنے والے ایک روزہ میچ میں ہندوستان کے 356 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ 128 رنز پر تمام ہوگئی اور ہندوستان 228 رنز کے بھاری مارجن سے میچ جیت گیا۔

یہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کی سب سے بڑی فتح تھی جب کہ 228 رنز کی شکست ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی کسی بھی ٹیم کے ہاتھوں دوسری بدترین شکست ہے، پاکستان کی بدترین شکست 234 رنز سے سری لنکا کے ہاتھوں 2009 میں ہوئی تھی۔

اس ہار کے بعد بہت سے شائقین کے ذہنوں میں یہ سوال امڈ رہا ہے کہ کیا اب بھی پاکستان ایشیاکپ کے فائنل تک پہنچ سکتا ہے؟ کیونکہ پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو اس پر پہلے نمبر پر ہندوستان ، دوسرے پر سری لنکا براجمان ہے۔

یوں تو تینوں ہی ٹیموں کے 2،2 پوائنٹس ہیں لیکن ہندوستان کے نیٹ رن ریٹ کو دیکھ کر پاکستانی شائقین کا دل حلق میں ضرور آئے گا۔صورتحال دلچسپ اس لیے ہے کیونکہ نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے ہندوستان سب سے آگے ہے جس کا رن ریٹ 4.56 ہے، 0.42 رن ریٹ کے ساتھ سری لنکا کا دوسرا نمبر ہے جب کہ منفی ایک عشاریہ آٹھ نو دو کے ساتھ پاکستانی قومی ٹیم تیسری پوزیشن پر ہے۔

ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو 14 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف میچ میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہوسکے، ایسے پاکستان کے چار پوائنٹس ہوجائیں گے۔

ایک اور صورت یہ ہوسکتی ہے کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جارہا سوپر فور کا میچ بارش کی وجہ سے درمیان میں منسوخ ہوجائے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور پھر پاکستان اپنے اگلے سوپر فور میچ میں سری لنکا کو صرف شکست دے دے (رن ریٹ خواہ جو بھی ہو) تو وہ فائنل میں رسائی حاصل کرلے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *