مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کشمیر میں دہش گرد واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف غلط اطلاعات پر مبنی مہم چلا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی سیکریٹری آمنہ بلوچ نے اسلام آباد میں سفارتکاروں سے ملاقات کے دوران بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف گمراہ کن اطلاعات کی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے فریب پر مبنی اقدامات خطے میں امن و استحکام کے حصول کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے کشیدگی کو مزید ہوا دینے کی کوششوں پر بھی خبردار کیا اور کہا کہ پاکستان ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
دوسری جانب بھارتی حکومت نے پہلے ہی سخت سیکورٹی اقدامات کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو بھارت چھوڑنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
