[]
جموں: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں قومی شاہراہ پر ایک ٹرک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آکر ایک نالے میں گر جانے سے اس میں سوار دو بھائیوں سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کشمیر جا رہا ایک ٹرک زیر نمبر JK03J – 0312 بانہال کے شیر بی بی علاقے کے نزدیک قومی شاہراہ پر ایک بھاری بھر کم پتھر کی زد میں آکر ایک نالے میں جا گرا۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے نتیجے میں ٹرک میں سوار دو بھائیوں سمیت چار افراد بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور کیو آر ٹی رامسو نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا اور لاشوں کو نکال کر سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔
متوفین کی شناخت 42 سالہ محمد افضل گورو (ڈرائیور) اس کا بھائی 36 سالہ محمد الطاف گورو ساکن ریڈونی اننت ناگ، 33 سالہ عرفان احمد ولد عبد الحمید بٹ اور 29 سالہ شوکت احمد ولد عبدالحمید ساکن سری گفوارہ اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا بھاری بھرکم پتھر گر آنے سے بانہال میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوئی ہے۔
متعلقہ حکام نے کہا کہ دونوں طرف ٹریفک بند ہے اور لوگوں سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
تاہم روڈ کو بحال کرنے کے لئے کام بڑے پیمانے پر جاری ہے۔