تلنگانہ: مامنور ایرپورٹ کیلئے اراضی کا حصول،متاثرین نے فی ایکڑ 2 کروڑ روپئے کا معاوضہ طلب کیا

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں تعمیر کئے جانے والے مامنورایرپورٹ کے اطراف واقع اراضی کے حصول کا عمل جاری ہے، تاہم اراضی مالکین اور متاثرین نے حکومت سے فی ایکڑ دو کروڑ روپئے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مامنو ر علاقہ میں ائیرپورٹ کی توسیع کے منصوبہ کے تحت کسانوں اور مقامی افرادکی اراضیات حاصل کی جا رہی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان کی اراضیات زرعی لحاظ سے نہایت قیمتی ہیں اور ان سے ان کا روزگار وابستہ ہے۔

اسی بناء پر وہ حکومت سے فی ایکڑ دو کروڑ روپئے معاوضہ کی طلب کر رہے ہیں تاکہ ان کے معاشی مستقبل کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ موجودہ بازار شرحوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو انہیں مناسب معاوضہ فراہم کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ان کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتا، وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بعض مقامی لیڈروں نے بھی ان کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اراضی کے حصول کے لئے بات چیت کا عمل جاری ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ حکومت متاثرین کے مفادات کا مکمل خیال رکھے گی اور انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس ائیرپورٹ کی ترقیاتی سرگرمیاں ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، جس سے نہ صرف مقامی معیشت کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *