
مہاراشٹر کے بیڑ ضلع کے گیورائی تعلقہ کے اردھامسلا گاؤں کی ایک مسجد میں دھماکہ کیا گیا۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی
یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 2:30 بجے مسجد میں پیش آیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ مسجد کی فرش ٹوٹ گئی اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ اس واقعے کے بعد گاؤں میں سنسنی پھیل گئی
۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی اور دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو جائے وقوعہ سے جلیٹن اسٹکس ملی ہیں، جو اس دھماکے میں استعمال کی گئی تھیں۔
بیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نوینت کاوت نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین مسجد میں گئے اور جلیٹن کے ذریعے دھماکہ کیا۔ سرپنچ نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس بیس منٹ میں موقع پر پہنچ گئی اور دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمین کا دوسرے کمیونٹی کے افراد سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد انتقامی کارروائی کے طور پر مسجد میں دھماکہ کیا گیا۔ ملزم مائننگ کا کام کرتا ہے اور اسے جلیٹن کے ذریعے دھماکہ کرنے کا علم تھا۔
پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور مقامی لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔