
کھمم شہر اور ضلع بھر میں فرزندانِ توحید نے عیدالفطر نہایت جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ کھمم شہر کی قدیم عیدگاہ گاندھی چوک، جدید عیدگاہ گلہ گوڑم، کھمم رورل عیدگاہ اور تلدار پلی میں مسلمانوں کی کثیر تعداد جمع ہوئی۔ فرزندانِ توحید نے خشوع و خضوع کے ساتھ نمازِ عیدالفطر ادا کی اور اللہ کے حضور شکر بجا لایا۔
مسجد زین العابدین مرکز کھمم میں امام و خطیب، حافظ محمد جواد احمد نے عیدالفطر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کا دن اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے، جس پر جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو گناہوں سے بچنے اور تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد بھی نمازوں کی پابندی اور قرآن مجید کی تلاوت کا خاص اہتمام کیا جائے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں کامیابی کا دار و مدار ایمان اور تقویٰ پر ہے۔
حافظ محمد جواد احمد نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وقت کی حفاظت کریں اور لہو و لعب میں ضائع کرنے کے بجائے اعلیٰ تعلیم اور اللہ کی رضا کے حصول میں اپنی جوانی صرف کریں۔ انہوں نے امتِ مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اختلافات اور بے جا بحث و مباحثے سے اجتناب کی تلقین کی۔
نمازِ عید کے بعد، حافظ محمد جواد احمد نے عالمِ اسلام کی سربلندی اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں رقت انگیز دعا کی۔