
حیدرآباد: امام وخطیب شاہی مسجد باغ عامہ ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی نے کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے متنازعہ وقف ترمیمی بل کے خلاف ا حتجاجی پروگرام منظم کرنے کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد، ریاست اور ملک کے مسلمانوں کو اس وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی پروگرام میں شرکت کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی آج شاہی مسجد باغ عامہ میں جمعۃ الوداع کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم بے باک طریقے سے مساجد میں نماز ادا کررہے ہیں، قبرستانوں میں اپنے رشتہ داروں کی تدفین کررہے ہیں اگر یہ وقف ترمیمی بل قانون بن جائے تو خدشہ ہے کہ مساجد میں نماز پڑھنا مشکل ہوجائے گا اور قبرستانوں میں تدفین میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے آج مسلمانوں کو بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج منظم کرنے کی اپیل کی تھی۔
انہوں نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے عہدیداروں سے درخواست کی کہ وہ احتجاجی پروگرام کی ذرائع ابلاغ میں تشہیر کریں۔ انہوں نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے عہدیداروں کے اُس جذبہ کی ستائش کی جس میں بورڈ کے قائدین نے اعلان کیا تھا کہ وہ وقت ترمیمی بل کے خلاف جیل جانے کیلئے بھی تیارہیں۔
تمام مسلمانوں کو متحد ہو کر کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کے احتجاجی پروگرام میں شرکت کرنا چاہئے۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ عید کی نماز سے قبل خاندان کے تمام افراد کا صدقہ فطر ادا کریں۔
جس طرح مسلمانوں نے ماہ رمضان کے روزے رکھے، نماز پڑھی اور قرآن کی تلاوت کی اسی طرح انہیں ماہ رمضان کے بعد بھی عبادتوں میں مصروف رہنا چاہئے۔ انہوں نے مسلمانوں کو شوال کے 6روزوں کا بھی اہتمام کرنے کا مشورہ دیا۔