
حیدرآباد: ریاستی وزیر سیول سپلائز و محکمہ آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ 30مارچ سے راشن کارڈ پر فی کس6کیلو باریک چاول سربراہ کئے جائیں گے۔
ملک بھر میں تلنگانہ پہلی ریاست ہوگی جہاں راشن کارڈ پر باریک چاول مفت فراہم کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی آج اسمبلی میں مطالبات زر پر مباحث کے دوران بی جے پی رکن ہری بابو کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈ پر باریک چاول کے ساتھ دیگر غذائی اشیاء بھی فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
اس اسکیم سے تلنگانہ کے 54فیصد عوام کو فائدہ پہنچے گا جہاں تک نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا سوال ہے اپریل کے پہلے ہفتہ سے نئے کارڈز کی اجرائی عمل میں آئے گی۔
نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے علاوہ راشن کارڈز میں ناموں کے اندراج اور ناموں کو حذف کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔ میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر میں بے قاعدگیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ ویجلنس کی تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ NDSA کی فائیل رپورٹ ملنے کے بعد میڈی گڈہ بیاریج کے منہدم شدہ حصہ کے تعمیری کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ وزیر آبپاشی نے کہا کہ کالیشور م پراجیکٹ کے ڈیزائن، تعمیر اور اس کی دیکھ بھال میں کئی خامیوں اور لاپرواہی کے ثبوت ملے ہیں۔
ایس ایل بی سی ٹنل واقعہ سے متعلق اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس حادثہ کا پتہ لگانے اور ٹنل میں پھنسے ورکرس کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن میں عالمی سطح کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی دو روز قبل ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا اور بچاؤ کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ ٹنل حادثہ کی وجہ سے پروجیکٹ کی تعمیر کام میں عارضی طور پر خلل پیدا ہوا ہے تاہم حکومت ایس ایل بی سی پروجیکٹ کو جلد، سے جلد تکمیل کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمڈی ہٹی ڈیم کی تعمیر کی بھی پابند ہے۔ اس پروجیکٹ کے ٹیکنیکل اور مالی وسائل کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔تعمیری کام جلد سے جلد شروع کے جائیں گے۔