منریگا کے تحت بقایہ رقم جاری کرنے کے لیے پارلیمانی احاطہ میں کانگریس لیڈران نے مظاہرہ کیا، جس میں راہل اور پرینکا کے علاوہ کے سی وینوگوپال اور ششی تھرور سمیت کئی اراکین پارلیمنٹ شامل ہوئے۔
پارلیمانی احاطہ میں مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس اراکین پارلیمنٹ، ویڈیو گریب
کانگریس منریگا میں مزدوروں کے لیے کام کے دن بڑھانے کا مطالبہ مرکزی حکومت سے لگاتار کر رہی ہے۔ اس درمیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کیرالہ کئی اراکین پارلیمنٹ نے منریگا (مہاتما گاندھی نیشنل روزگار گارنٹی منصوبہ) کے تحت بقایہ رقم جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمانی احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 25 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے ’مکر دوار‘ کے قریب کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے اپنے مطالبات کو لے کر یہ مظاہرہ کیا۔
اس مظاہرہ میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے علاوہ کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور اور کچھ دیگر اراکین پارلیمنٹ کی شرکت دیکھنے کو ملی۔ کیرالہ کے وائناڈ سے لوک سبھا رکن پرینکا گاندھی نے اس مظاہرہ کی ویڈیو کلپ اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کیرالہ کے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے منریگا مزدوروں کو افسوسناک طریقے سے نظر انداز کیے جانے کے خلاف پارلیمنٹ میں مظاہرہ کیا گیا۔ حکومت کی بے حسی کے سبب لاکھوں کنبوں کو ذریعۂ معاش کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس عمل سے لوگوں کی غریبی اور تکلیف میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہم اس بحران پر فوری توجہ دینے اور ان متاثرہ مزدوروں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں جو طویل مدت سے زیر التوا مزدوری کی کمی میں گزارا کرنے کے لیے مشقت کر رہے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ زیر التوا مزدوری کی رقم فوری جاری ہو، بڑھتی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے مزدوری میں اضافہ بھی ضروری ہے اور کام کے دنوں کو بڑھا کر 150 دن بھی کیا جانا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔