گیان واپی مسجد کا اے ایس آئی سروے روک دینے مسجدکمیٹی کا مطالبہ

[]

وارانسی: انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی (اے آئی ایم سی) نے وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم)کو مکتوب لکھتے ہوئے گیان واپی مسجد کامپلیکس کے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے سروے کو روک دینے کا مطالبہ کیا۔

 مسجد کی کمیٹی نے کہا کہ 2 /ستمبر کے بعد اے ایس آئی کی جانب سے کیا جارہا سروے بے اثر ہے چونکہ ہیرٹیج ادارہ نے مزید آٹھ ہفتوں کی مہلت طلب کرتے ہوئے وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ میں عرضی داخل کی ہے جس پر 8 /ستمبر کو سماعت مقرر ہے۔

 اے آئی ایم سی کے جوائنٹ سکریٹری ایس ایم یٰسین نے جمعرات کو کہا ”تاحال عدالت کی جانب سے نہ ہی مدت میں توسیع کی گئی ہے اور نہ ہی سروے جاری رکھنے کے لئے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ گیان واپی مسجد  میں 2 /ستمبر کے بعد کا سروے بے اثر ہے۔

اس لئے ہم ضلع انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ سروے روک دیا جائے۔“ وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایس راجہ لنگم نے تاہم کہا ”ضلع انتظامیہ مداخلت نہیں کرسکتا چونکہ معاملہ عدالت میں زیر تصفیہ ہے۔

وہ اے ایس آئی کو کسی قسم کی ہدایت بھی جاری نہیں کرسکتا۔ اس سے انہیں (اے آئی ایم سی کے عہدیداروں) کو مطلع کردیاگیا ہے۔“ کمیٹی نے بیان کیا کہ اے ایس آئی کو 2 /ستمبر کو اپنی رپورٹ داخل کرنا تھا مگر اس نے وارانسی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اپنی رپورٹ داخل کرنے کے لئے آٹھ ہفتوں کی مہلت طلب کی ہے۔

 ایس ایم یٰسین نے کہا کہ چونکہ ضلع جج رخصت پر ہیں‘ معاملہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج۔1 کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں معاملہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع جج کے روبرو 4 /ستمبر کو درخواست پیش کی گئی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ جمعہ کو آئندہ سماعت کے موقع پر فائیل پیش کی جائے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *