منگل ہاٹ میں 8 لاکھ روپئے کا باسی گوشت، پائے وغیرہ ضبط، ایک شخص گرفتار

حیدرآباد: حیدرآباد کے منگل ہاٹ علاقہ میں بکرے کے 8 لاکھ روپے مالیت کے خراب اعضائی گوشت (اوفل) کو ضبط کر لیا گیا۔ ٹاسک فورس (ساوتھ ویسٹ) ٹیم نے جی ایچ ایم سی (GHMC) کے عہدیداروں کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ‘A to Z Sheep & Goat Offal’ نامی دکان پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے باسی اور بدبو دار گوشت کو ضبط کر لیا۔

پولیس نے 40 سالہ محمد افروز  نامی شخص کو گرفتار کیا، جو مذکورہ دکان کا مالک اور منگل ہاٹ کے امان نگر کالونی کا رہائشی ہے۔

پولیس کے مطابق، محمد افروز تھوک بازار سے سستا اور خراب گوشت خرید کر اپنی دکان میں غیر محفوظ طریقہ سے ذخیرہ کرتا تھا۔ بعد ازاں، یہ گوشت ہوٹلوں، تقریبات، اور فنکشنز میں سپلائی کیا جاتا تھا، جو انسانی صحت کیلئے خطرہ بن سکتا تھا۔

ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے چھاپہ مارا اور افروز کو گرفتار کر لیا۔ اس کے علاوہ پائے، سری، مغز، گردے، کلیجی اور دیگر اعضائی گوشت سمیت 12 ٹن باسی گوشت ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری اور باسی گوشت کھانے سے صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *