
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت عوامی نظام تقسیم کے تحت آئندہ ماہ سے راشن کارڈس پر باریک چاول کی فراہمی کامنصوبہ رکھتی ہے۔یہ تقسیم ابتدائی طور پر جنوری 2025 میں شروع ہونے والی تھی تاہم خریداری میں درپیش چیلنجس اور دیگر امور کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔
ریاستی وزیرسیول سپلائزاتم کمار ریڈی نے اشارہ دیا کہ حکومت آئندہ ماہ تک اس کی تیاری کر رہی ہے۔ تاخیر کی بڑی وجہ اوپن مارکٹ میں عمدہ قسم کے چاول کی زیادہ طلب اور اس کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے درکار وقت ہے۔
حکومت ان چیلنجس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ریاست کے تمام راشن کارڈ رکھنے والوں کو باریک چاول فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر سکے۔ذرائع کے مطابق حکومت بڑے پیمانے پر باریک چاول خریدنے کے لیے سپلائرس سے مذاکرات کر رہی ہے۔
ساتھ ہی حکومت نے چاول کی ذخیرہ اندوزی پر سخت نظر رکھی ہے تاکہ کوئی ناجائز منافع خوری نہ ہو۔ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عوام کو باریک چاول آسانی سے ملے اور کسی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔غریب اور متوسط طبقہ کے افراداب راشن کارڈس پر معیاری باریک چاول حاصل کر سکیں گے۔
اس سے غذائیت میں بہتری آئے گی اور صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ تلنگانہ حکومت کا عمدہ چاول فراہم کرنے کا منصوبہ عوام کے لیے ایک اہم اقدام ہے، جو ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔ اگرچہ اس میں کچھ تاخیر ہوئی ہے، لیکن حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ وہ جلد ہی اس اسکیم کو نافذ کرے گی تاکہ ریاست کے تمام مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔