اورنگ زیب کے مقبرے پر تنازعہ کے درمیان کل شام مہاراشٹر کے ناگپور کے محال علاقے میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوا۔ اس دوران فسادیوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
فائل تصویر آئی اے این ایس
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل یعنی پیر کو ناگپور میں ہونے والے تشدد کو ایک سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشدد ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو بھی اس تشدد میں ملوث ہے اسے بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایکناتھ شندے نے ’آج تک ‘سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ پیر کی سہ پہر اورنگ زیب کے حوالے سے مظاہرہ ہوا۔ لیکن رات کو پولیس والوں پر پتھراؤ کیا گیا۔ ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ اس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ عوام کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکاروں پر اس طرح کا حملہ افسوس ناک ہے۔ یہ تشدد ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔
اپوزیشن کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے شندے نے کہا کہ اپوزیشن اورنگزیب کی کیسے تعریف کر سکتی ہے۔ اورنگ زیب نے مہاراشٹر پر حملہ کیا۔ اس نے مہاراشٹر کو بہت اذیت دی۔ اس کی تعریف کیسے کی جائے؟ اورنگزیب کو سپورٹ کرنے والے غدار ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ اورنگ زیب کے مقبرے پر تنازع کے درمیان مہاراشٹر کے ناگپور کے محال علاقے میں پیر کی شام دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوا۔ اس دوران شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ انہوں نے پتھراؤ کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ جس سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پتھراؤ سے کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فی الحال صورتحال قابو میں ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی افواہ پر کوئی توجہ نہ دی جائے۔
ناگپور کے پولس کمشنر ڈاکٹر رویندر سنگل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صورتحال پرامن ہے اور پولیس مشتبہ افراد کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے امن کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اس صورتحال میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پولیس انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور شہری ان کے ساتھ تعاون کریں۔ دیویندر فڑنویس نے کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔