
ممبئی (پی ٹی آئی) این سی پی(ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے مہاراشٹرا میں اربن نکسل ازم کے خلاف مجوزہ قانون کا تقابل انگریزوں کے دور کے رولٹ ایکٹ سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ قانون کا بے جا استعمال حکومت پر تنقید کرنے والے افراد یا تنظیموں کے خلاف ہوسکتا ہے جس کے نتیجہ میں پولیس راج قائم ہوجائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مسودہ بل کا ازسرنو جائزہ لے اور یہ یقینی بنائے کہ دستوری اقدار کی خلاف ورزی نہ ہو۔ مہاراشٹرا اسپیشل پبلک سیکوریٹی بل 2024 ریاست میں نکسل ازم سے نمٹنے کا پہلا قانون بنے گا۔ اس قانون کی رو سے حکومت اور پولیس مشنری کو غیرقانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کے خصوصی اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔
اس ایکٹ کے تحت تمام جرائم غیرضمانتی ہوں گے۔ سپریہ سولے نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ مجوزہ بل سے شہریوں کے بنیادی حقوق کی نفی ہوگی۔
عام آدمی‘ حکومت کے خلاف بولنے کے حق سے محروم ہوجائے گا جبکہ جمہوریت میں اختلاف ِ رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔ جمہوریت کا اصول ہے کہ اپوزیشن کی آواز بھی سنی جائے۔ اقتدا رمیں جو لوگ ہیں ان کی جواب دہی یقینی بنائی جائے اور رائے عامہ کا بھی احترام ہو۔