
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی میں اسپیکر کے خلاف مبینہ نامناسب ریمارکس کرنے کے الزام میں معطل بی آرایس کے رکن جگدیش ریڈی کی معطلی برخواست کرنے کا پارٹی نے مطالبہ کیا۔آج جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی کاآغازہواریاست کی اصل اپوزیشن بی آرایس کے ارکان نے ایم ایل اے جگدیش ریڈی کی معطلی کا معاملہ اٹھایا۔
سابق وزیر ہریش راؤ نے اسپیکر سے درخواست کی کہ جگدیش ریڈی کی معطلی کو واپس لیا جائے اور اس معاملہ پر دوبارہ غور کیا جائے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جگدیش ریڈی نے اسپیکر کے خلاف کسی بھی نامناسب زبان کا استعمال نہیں کیا اور اسپیکر کا تمام احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر جگدیش ریڈی کو بات کرنے کا موقع دیا جاتا تو بہتر ہوتا۔
اس سے قبل بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی نے اسپیکر سے ملاقات کر کے ایک یادداشت پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جگدیش ریڈی کی معطلی کو واپس لیا جائے۔ بی آر ایس نے الزام لگایا کہ حکومت نے یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے جگدیش ریڈی یا پارٹی کی وضاحت سنے بغیر انہیں معطل کر دیا۔ اس کے بعد گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث جاری رہی۔