
حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ گورنر کا خطبہ جمہوری اقدار کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی میں گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر دو دن سے جاری بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت آئینی اداروں کی عزت اور جمہوری قدروں کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد سے ہی تمام آئینی اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت کے دوران بعض مواقع پر بجٹ اجلاس میں گورنر کے خطبہ کو نظر انداز کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ کی منظوری کے ساتھ گورنر کا اسمبلی میں خطاب کرنا آئینی طور پر جائز ہے اور اپوزیشن کو اس پر غیر ضروری تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کسانوں کے قرض معافی کے وعدے کو پورا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 25 لاکھ 30 ہزار سے زائد کسانوں کے لیے دو لاکھ روپے تک کے زرعی قرضہ جات معاف کیے گئے ہیں، جس کی مجموعی مالیت 20,616 کروڑ روپے ہے۔
حکومت بے زمین کسان مزدوروں کی فلاح کے لیے اندرما آتمیا بھروسہ اسکیم کے تحت ہر سال 12,000 روپے فراہم کرے گی تاکہ ان کا وقار برقرار رہے اور وہ مالی طور پر مستحکم ہو سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کسانوں اور مزدوروں کی بہبود کے لیے مزید موثراقدامات کرے گی۔