مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی جامعات کے لئے رہبر معظم انقلاب کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین مصطفی رستمی نے قدس شریف کے خصوصی طلبہ پینل میں فلسطین کاز کے دفاع اور اور اس مسئلے کو نظر انداز کرنے کی مغرب کی کوششوں کا مقابلہ کرنے میں طلبہ تحریک کے مضبوط کردار پر زور دیا۔
انہوں نے اس تقریب کے منتظمین کی قدردانی کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت سے متعلق آگاہی اور اس کی حمایت کو وسعت دینے کی ضرورت پر تاکید کی۔
اسلامی انقلاب؛ فلسطین کی حمایت کا اہم محرک حجۃ الاسلام والمسلمین رستمی نے ایران کے اسلامی انقلاب کو مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے کے لیے ایک اہم محرک قرار دیتے ہوئے کہا: فلسطین کو فراموش کرنے اور خطے میں صیہونی رژیم کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں، لیکن انقلاب اسلامی نے قابضوں کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور فلسطینیوں کی حمایت کو زندہ کر دیا ۔”
مصطفی رستمی نے مزید کہا کہ “طوفان الاقصی” کے بعد ایک بار پھر مسئلہ فلسطین بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔
انہوں نے مغربی یونیورسٹیوں میں طلبہ تحریک کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاج کو بے مثال قرار دیا۔
رہبر معظم کے نمائندے نے اس بات پر زور دیا کہ مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے کے باوجود ان ممالک کے طلباء اب اپنی حکومتوں کی مسلط کردہ پالیسیوں کے ساتھ نہیں ہیں اور ان کی فلسطین کی حمایت نئی نسل کی بیداری کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے اس پینل کے نعرے “حی علی القدس” کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دنیا کے آزادی پسند ایک دن القدس میں موجود ہوں گے اور اس سرزمین کو صیہونی رژیم کے وجود سے پاک کر دیا جائے گا۔