
حیدرآباد: تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں گرمی کے آغازسے ہی پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے۔ جیناتھ منڈل کے آکورلا گاؤں میں، جہاں ایک ہزار سے زائد کی آبادی ہے، زیر زمین پانی کی سطح میں کمی ہوگئی ہے۔
گزشتہ 15 دنوں سے یہاں موجود تمام بورویلس ناکارہ ہو چکے ہیں۔ پانی کی اس قلت کی وجہ سے گاؤں کے لوگ چندہ جمع کر کے قریبی ساواپور گاؤں کے کھیتوں سے پانی ٹریکٹر کے ذریعہ لانے پر مجبور ہیں۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ روزانہ پانچ ٹینکر پانی لانا پڑ رہا ہے، جو کہ ایک مشکل کام ہوگیا ہے۔ مشن بھاگیرتا اسکیم کے باوجود گاؤں کو درکار مقدار میں پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے دیہاتیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ساواپور گاؤں سے پائپ لائن کے ذریعہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔