12 مارچ سے ملک کے ہمالیائی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی حصوں میں 13 سے 15 مارچ کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے.
اس وقت ملک میں موسم اپنے الگ الگ انداز دکھا رہی ہے۔ جہاں ایک طرف گجرات کے کچھ حصوں میں لُو چل رہی ہے تو وہیں کشمیر اور ہماچل پردیش میں برفباری اور بارش دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اب محکمہ موسمیات نے امکان ظاہرکیا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں شمالی ہند کا موسم پوری طرح سے بدلنے والا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 12 مارچ سے ملک کے ہمالیائی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں جموں علاقے، ہماچل پردیش، اروناچل پردیش میں برفباری اور بارش دیکھنے کو ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈمان و نکوبار جزائر گروپ، آسام اور کیرالہ میں بھی جم کر بارش ہوئی ہے۔ جبکہ سوراشٹر و کچھہ کے حصوں میں شدید گرمی کی حالت ہے۔
راجدھانی دہلی کی بات کی جائے تو یہاں کا درجہ حرارت معمول سے 4.4 ڈگری زیادہ 32.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سیلسیس درج ہوا ہے۔ آئی ایم ڈی نے 13 سے 15 مارچ کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دہلی میں ہوا کی رفتار کم ہونے سے آلودگی کی سطح بڑھ رہی ہے۔ سی پی سی بی کے مطابق این سی آر کے ہوا کا معیار درمیانے سے خراب زمرے میں پہنچ گیا ہے۔ اے کیوآئی 208 درج کیا گیا ہے جس سے ہوا ایک بار پھر زہریلی ہونے لگی ہے۔
اتر پردیش میں گرمی بڑھتی جا رہی ہے۔ اسکائی میٹ کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو علی گڑھ، آگرہ، متھرا، شاہجہاں پور، بریلی، مراد آباد، رام پور، بلند شہر، ہاتھرس اور بہرائچ میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ مغربی یوپی میں موسم تبدیلی ہوتی رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہماچل پردیش کے اونچے علاقوں میں برفباری، بارش اور کچھ علاقوں میں بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ 12 مارچ کو بھی ہلکی برفباری کچھ علاقوں میں ہو سکتی ہے۔ 13 سے 15 مارچ کو زیادہ مقامات پر آندھی، برفباری اور بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ہریانہ اور پنجاب میں 12 مارچ کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ 13 اور 14 مارچ کو بارش تیز ہونے کا امکان ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے سے ربی کی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حالانکہ اس دوران درجہ حرارت میں اضافہ بھی دیکھا جائے گا۔
جنوبی ہند کی بات کی جائے تو کیرالہ میں 13 اور 14 مارچ کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ باقی حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ تلنگانہ، حیدرآباد، کرناٹک اور تمل ناڈو میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لُو کے تھپیڑے لوگوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔
Published: 11 Mar 2025, 9:11 AM
