مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ناروے کے وزیر اعظم جونس گاہر اسٹورے کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فتوی کے مطابق ہم نے کبھی جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی۔ اسی تناظر میں ایران کسی بھی قسم کی کشیدگی، بدامنی اور تنازعے کو اپنے، خطے اور دنیا کے لیے نقصان دہ سمجھتا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر پزشکیان نے ایران اور ناروے کے درمیان تمام شعبوں میں اچھے تعلقات کی نشاندہی کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ناروے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا محافظ رہا ہے اور حتی الامکان کسی بھی جنگ یا تنازعے کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے برعکس صہیونی حکومت خطے میں جنگ بھڑکاتی ہے اور فلسطینی عوام کے خلاف جرائم و نسل کشی میں ملوث ہے۔ اسرائیل خطے میں کشیدگی اور بحران کی اصل جڑ ہے۔
ناروے کے وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک خطے میں مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔