
بھوپال (پی ٹی آئی) چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے ہفتہ کے دن کہا کہ ان کی حکومت لڑکیوں کا دھرم پریورتن(تبدیلی ئ مذہب) کرنے والوں کو سزائے موت دے گی۔
انہوں نے بین الاقوامی یوم ِ خواتین کے موقع پر بھوپال میں ایک پروگرام میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لڑکیوں کی عصمت ریزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹتی ہے۔ اس کے لئے سزائے موت کی گنجائش ہے۔ اسی کے ساتھ مدھیہ پردیش فریڈم آف ریلیجن ایکٹ فار ریلیجس کنورشن کے تحت سزائے موت کا پراؤدھان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست غیرقانونی تبدیلی ئ مذہب کرنے والوں کو بخشے گی نہیں۔ بعدازاں انہوں نے ایکس پر کہا کہ حکومت ِ مدھیہ پردیش بیٹیوں کے تحفظ اور عزت ِ نفس کی پابند ہے۔
لڑکیوں کی عصمت ریزی کرنے والوں کو سزائے موت دینے کے اعلان کے بعد اب مدھیہ پردیش میں ہماری بیٹیوں کا دھرم پریورتن کرنے والوں کو بھی سزائے موت دی جائے گی۔
مہیلادیوس کے موقع پر بھوپال میں چیف منسٹر نے لاڈلی بہن یوجنا کے ایک کروڑ 27 لاکھ استفادہ کنندگان کے کھاتوں میں 1,552.73 کروڑ روپے آن لائن ٹرانسفر کئے۔ اس اسکیم کے تحت عورتوں کو ماہانہ مالی امداد دی جاتی ہے۔