[]
ممبئی: بی جے پی کے مہاراشٹرا صدر چندر شیکھر باونکولے نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے آج زور دے کر کہا کہ ایکناتھ شنڈے 2024 تک اپنی پوری مدت کے لئے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر برقرار رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقتدار اعلیٰ کی تبدیلی کی یہ تمام باتیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ ایکناتھ شنڈے اگلے سال لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں بھی بی جے پی-شیو سینا-این سی پی (اجیت پوار) تین پارٹیوں کے اتحاد کی قیادت کریں گے۔
باونکولے نے این سی پی کے الگ ہونے اور اجیت پوار کے شنڈے کی حکومت میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی لیڈرس اور ارکان اسمبلی میں بھی کسی بے چینی کی تردید کی۔
اسی دوران مہاراشٹر کے وزیر صنعت ادے سامنت نے بھی جمعرات کو شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈروں کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے اگلے انتخابات تک عہدے پر برقرار رہیں گے۔
مسٹر سامنت نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر شنڈے کو کسی بھی قسم کا خطرہ نہیں ہے اور یہ صرف افواہیں ہیں کہ وہ وزیر اعلی کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے ایم ایل ایز میں قطعی طور پر کوئی ناراضگی نہیں ہے اور ہمیں وزیر اعلی کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ شیو سینا 2024 کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات مسٹر شنڈے کی قیادت میں لڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’مسٹر شنڈے، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور مسٹر اجیت پوار ‘تجربہ کار اور سمجھدار’ لیڈرس ہیں اور وہ اتحاد کو آگے بڑھائیں گے۔‘‘
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور ایم پی سنجے راوت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شیو سینا-بی جے پی حکومت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے داخلے کے ساتھ ہی مسٹر شنڈے نے اپنی افادیت کھودی ہے اور ریاست جلد ہی مزید تبدیلیاں دیکھے گی اور نیا وزیر اعلیٰ حلف لے گا۔
اسی وقت، ایک اور ایم پی ونائک راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ حکمراں شیو سینا کے تقریباً 10 ایم ایل اے شیو سینا (یو بی ٹی) کے رابطے میں ہیں۔ دوسرے رہنماؤں نے یہ بھی دلیل دی ہے کہ 2022 میں پارٹی چھوڑنے والے بہت سے لوگ مبینہ طور پر ‘گھر واپسی’ چاہتے ہیں۔