اردن کی ملکہ رانیہ کا عقبہ میں خواتین کے ہمراہ افطار ڈنر

عمان: اردن کی ملکہ رانیہ نے عقبہ کے پرنس راشد کلب میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افطار ڈنر میں عقبہ کے علاقے کی خواتین رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات شریک ہوئیں۔

اردن کی ملکہ رانیہ نے افطار ڈنر میں شریک خواتین کو رمضان اور آنے والے خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد دی۔ رپورٹس کے مطابق ملکہ رانیہ نے افرادی قوت اور لیبر مارکیٹ میں اردنی خواتین کے کردار کے ساتھ گھروں اور خاندانوں کی دیکھ بھال میں ان کے کردار کو سراہا۔

عقبہ کے گورنر خالد الحجاج نے ملکہ کا شہر میں خیرمقدم کیا اور خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل ملکہ رانیہ نے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے صرف ایک مرتبہ 7 اکتوبر دیکھا، فلسطینی 156 بار اسرائیلی 7 اکتوبر دیکھ چکے ہیں۔ ملکہ رانیہ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا تھا کہ غزہ میں جنگ فوری رکنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ بمباری کے ساتھ امداد تباہی و بربادی اور قتل عام کو نہیں روک سکتی۔

ملکہ رانیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے اسی وجہ سے فلسطینی، اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں، فلسطینیوں کو بھوکا پیاسا رکھنا اسرائیل کا پیدا کردہ المیہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم کرنے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *