
حیدرآباد: سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ایک اور انوکھا معاملہ کھڑا کر دیا ہے! ہندوستان میں ایک ایسا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو چھوڑنے پر تو رضامندی ظاہر کر دی، لیکن انسٹاگرام اور فیس بک پر تصویریں پوسٹ نہ کرنے سے انکار کر دیا!
یہ واقعہ پورنیا کے فیملی کونسلنگ سینٹر میں پیش آیا، جہاں ایک شوہر اپنی شکایت لے کر پہنچا۔ اس نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی ہر وقت سوشل میڈیا میں مصروف رہتی ہے، انجان لوگوں سے بات کرتی ہے اور فیملی کی کوئی فکر نہیں کرتی۔
شوہر کے مطابق، اس کی بیوی مختلف پوز میں تصویریں پوسٹ کرتی ہے، جو نہ اسے پسند ہے اور نہ ہی اس کے گھر والوں کو! لیکن بارہا منع کرنے کے باوجود وہ باز نہیں آ رہی۔
دوسری طرف، خاتون کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اس کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور یہ اس کا نجی معاملہ ہے۔ خاتون نے واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ وہ اپنے شوہر اور خاندان کو چھوڑنے کے لیے تیار ہے، لیکن انسٹاگرام اور فیس بک پر پوسٹنگ کبھی بند نہیں کرے گی!
کونسلنگ سنٹر کے ایڈوکیٹ دیپک کمار کے مطابق، خاتون کو بہت سمجھایا گیا، لیکن وہ اپنی ضد پر قائم رہی۔ معاملہ حل نہ ہونے پر کونسلنگ سنٹر نے جوڑے کو واپس بھیج دیا۔
ماہرین کے مطابق، سوشل میڈیا کے حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے ازدواجی تعلقات میں دراڑیں بڑھ رہی ہیں اور خاندانی نظام پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔