ورلڈ کپ اسکواڈ، کے ایل راہول اندر، تلک ورما، سنجو سیمسن باہر

[]

کولمبو: وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل نے پوری طرح سے فٹ ہوکر ہندوستان کی ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ بنا لی، جب کہ سنجو سیمسن اور تلک ورما کو 15 رکنی ٹیم سے باہر رہنا پڑا۔

راہل کو ہندستان کے 17 رکنی ایشیا کپ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا لیکن وہ کمر کی انجری کے باعث پہلے دو میچوں میں حصہ نہیں لے سکے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق راہل نے ٹیم سلیکشن سے قبل پیر کو بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنی فٹنس ثابت کر دی تھی۔ وہ ایشیا کپ کے بقیہ میچوں میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔

راہل کی جگہ ٹیم انتظامیہ نے ایشان کشن کو ایشیا کپ میں آزمایا اور انہوں نے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف 82 رن کی شاندار اننگز کھیل کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔

 راہل اور کشن کی موجودگی سے سیمسن کے ورلڈ کپ کھیلنے کے امکانات خود بخود ختم ہو گئے۔ نوجوان باصلاحیت بلے باز تلک بھی مڈل آرڈر میں کارگر ثابت ہوسکتے تھے لیکن ٹیم انتظامیہ نے سوریہ کمار یادو کے تجربے پر بھروسہ کرنا بہتر سمجھا۔

ایشیا کپ کے لیے منتخب ہونے والے پرسدھ کرشنا کو بھی 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی، البتہ انجری کے باعث طویل چھٹی کے بعد واپس آنے والے شریاس آئیر ورلڈ کپ اسکواڈ میں برقرار ہیں۔

 ہندوستان کی کور ٹیم میں وراٹ کوہلی، شبھمن گل، جسپریت بمراہ، رویندر جڈیجہ، شاردول ٹھاکر، محمد سراج اور کلدیپ یادو جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ خیال ر ہے کہ ہندوستان نے آخری بار مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں 2011 میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ورلڈ کپ سکواڈز جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 ستمبر ہے تاہم ٹیمیں آئی سی سی کی منظوری کے بغیر 28 ستمبر تک تبدیلیاں کر سکتی ہیں۔

ایشیا کپ 17 ستمبر کو ختم ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم 22 ستمبر سے آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گی، جب کہ اسے 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرنا ہے۔

ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، وراٹ کوہلی، شریاس ایر، ایشان کشن، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، سوریہ کمار یادو، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ محمد سمیع، محمد سراج، کلدیپ یادو۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *