مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے صدر مہدی المشاط نے ماہ رمضان کی آمد پر یمنی عوام اور پوری عرب و اسلامی امت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین پوری امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ ہے، یہ محض فلسطینی عوام تک محدود نہیں۔ کوئی بھی اس سرزمین کے ایک انچ سے بھی دستبردار ہونے کا حق نہیں رکھتا۔
المشاط نے مزید کہا کہ لبنان کی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ ختم ہونا چاہیے۔ یمن غزہ اور لبنان میں اپنے بھائیوں کی حمایت میں پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم اسرائیلی قبضے کے مکمل خاتمے اور لبنانی عوام کے اس حق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں کہ وہ قابض قوتوں کو کسی بھی ممکنہ ذریعے سے اپنی زمین سے نکال باہر کریں۔
یمنی رہنما نے شام پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل کی جانب سے شام پر فضائی حملوں، زمینی جارحیت اور مزید اراضی پر قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔