برف میں دبے مزدوروں میں سے 10 کو بہ حفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، یہ سبھی مزدور بدری ناتھ دھام میں سڑک تعمیرات کے کام میں مصروف تھے۔


علامتی تصویر، آئی اے این ایس
اتراکھنڈ کے چمولی میں آج اس وقت خوفناک حادثہ پیش آیا جب کئی مزدور سڑک تعمیرات کے کام میں مصروف تھے۔ واقعہ بدری ناتھ دھام میں گلیشیئر پھٹنے کا ہے جس سے 57 مزدور برف میں دب گئے۔ مزدوروں کو باہر نکالنے کے لیے بچاؤ کاری کا عمل فوری طور پر شروع ہو گیا اور اب تک 10 مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال بھی لیا گیا ہے۔ دیگر مزدوروں کی تلاش زور و شور سے جاری ہے۔
یہ سبھی مزدور بدری ناتھ دھام میں سڑک تعمیرات کے کام میں مصروف تھے، تبھی یہ حادثہ پیش آیا۔ جائے وقوع پر چمولی ضلع پولیس و انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ساتھ بی آر او ٹیم کے اراکین بھی موجود ہیں۔ اتراکھنڈ میں چار دھام یاترا کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، اسی کے پیش نظر بدری ناتھ دھام سے 3 کلومیٹر آگے مانا گاؤں کے پاس سڑک سے برف ہٹانے اور اس کی مرمت کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ جمعہ کی صبح ایک ٹھیکیدار کے 57 مزدور سڑک پر سے برف ہٹا رہے تھے، تبھی اچانک پہاڑ پر گلیشیئر پھٹا اور سبھی مزدور برف میں دب گئے۔
اس حادثے کی خبر ملنے کے فوراً بعد بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) اور ضلع پولیس و انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ آناً فاناً ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ بی آر او کے کمانڈر انکور مہاجن نے بتایا کہ مانا گاؤں سے تقریباً ایک کلومیٹر قبل آرمی کیمپ کے پاس والی سڑک پر یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں صبح 8 بجے پہاڑی سے ایولانچ یعنی گلیشیئر پھٹنے کی خبر ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی بچاؤ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔‘‘ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ سبھی مزدور وہاں کام بھی کر رہے تھے اور کیمپ بنا کر ٹھہرے بھی ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔