نئی دہلی: دہلی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے خلاف ہونے والی کارروائی پر اپوزیشن لیڈر آتشی نے سخت اعتراض کیا ہے۔ انہوں نے اسمبلی اسپیکر کو خط لکھ کر حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے جمہوری اقدار کے خلاف قرار دیا۔
خط میں آتشی نے ذکر کیا کہ 25 فروری کو دہلی اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے دوران حکومتی اراکین نے ’مودی مودی‘ کے نعرے لگائے، جبکہ اپوزیشن نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خیالات کو تسلیم کرتے ہوئے ’جے بھیم‘ کے نعرے بلند کیے۔ آتشی نے نشاندہی کی کہ حکومتی ارکان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، لیکن اپوزیشن کے 21 ارکان کو محض ’جے بھیم‘ کا نعرہ لگانے پر تین دن کے لیے معطل کر دیا گیا۔