
بغداد: عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے جمعرات کو یہاں عراق کے لئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے محمد الحسن سے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے واپس لینے اور مستقبل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عراقی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، میٹنگ میں محمد الحسن نے حسین کو اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے عراق (یو این اے ایم آئی) کے اقدامات اور اس سال کے آخر تک مشن کی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
مئی 2024 میں جاری ہونے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں عراقی حکومت کی درخواست کے بعد یو این اے ایم آئی کو 31 دسمبر 2025 تک عراق سے واپسی کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ کے ساتھ عراق کی شمولیت کو مضبوط بنانے اور تنظیم میں اس کی موجودگی کو بڑھانے پر بات چیت کی، خاص طور پر عراق کی جانب سے اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کی سب سے بڑی بین الحکومتی تنظیم جی77 کی صدارت سنبھالنے کے بعد۔
بیان کے مطابق،مسٹر حسین نے گزشتہ برسوں میں عراق کی مدد کرنے میں یو این اے ایم آئی کے رول کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ نتیجہ خیز تعاون جاری رکھنے کے لیے عراق کی خواہش پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی طرف سے، محمد الحسن نے مشن اور عراقی حکومت کے درمیان تعمیری تعاون کی تعریف کی اور عراق میں استحکام اور ترقی کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔