گلابی کتاب میں سب حساب کتاب رکھا جا رہا ہے : رکن کونسل کویتا کا کانگریس حکومت کو انتباہ

بی آر ایس کارکنوں پر ظلم و ستم ناقابل برداشت

اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئے جھوٹے مقدمات کا اندراج

گلابی کتاب میں سب حساب کتاب رکھا جا رہا ہے

صحیح وقت پر مناسب جواب دیا جائے گا

کانگریس حکومت عوامی وعدوں کی تکمیل میں ناکام

چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر جو پلی کرشنا راؤ پر شدید تنقید

ناگر کرنول میں کے کویتا کی پریس کانفرنس

 

رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلوا کنٹلہ کویتا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر جو پلی کرشنا راؤ کو آج شدید ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت بی آر ایس کے کارکنوں کو ہراساں و پریشان کر رہی ہے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو فراموش کر دیا گیا ہے۔وہ ضلع ناگر کرنول کے سنگوٹا میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔

 

کےکویتا نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ آپ ہی کے حلقہ میں کہہ رہی ہوں کہ بی آر ایس اپنی گلابی کتاب میں سب کا حساب رکھ رہی ہے۔ ہر ایک کو مناسب اور مساوی جواب دیا جائے گا۔ہمارا بھی وقت آئے گا ۔جب ہم بتائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ایس کارکنوں کو ہراساں کرنے والے چاہے کتنے ہی بڑے لیڈر یا افسر کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے گی۔

 

کویتا نے وزیر جوپلی کرشنا راؤ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بی آر ایس کارکنوں کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کارکن شری دھر ریڈی کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا ۔حکومت اور پولیس اس کیس کی سنجیدگی سےتحقیقات نہیں کر رہی ہے۔بی آر ایس کارکن پرمیشور پر صرف اپنی میٹنگ کے لئے فلیکسی لگانے پر حملہ کروایا گیا جو کہ مکمل طور پر غیر جمہوری عمل ہے۔کویتانے طنز کیا کہ جوپلی کرشنا راؤ کولاپور حلقہ کے لئے ایک سیاحتی وزیر بن چکے ہیں اور شاذ و نادر ہی اپنے حلقہ کا دورہ کررہے ہیں۔

 

کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بالکلیہ طورپر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں پر استفسار کیا اور کہا کہ باریک دھان پر بونس کا وعدہ کر کے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔رعیتو بھروسہ اور قرض معافی اسکیم کا فائدہ گاؤں کے نصف افرادکو بھی نہیں ملاہے۔ریاست میں اپوزیشن کی آواز کودبانے کے لئے غیر قانونی مقدمات درج کئے جا رہے ہیں جو کہ جمہوری اقدار کے مغائر ہے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر حکومت پر کچھ تنقید یا ان سے استفسار کرنے پر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

 

کویتا نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بی آر ایس کارکنوں پر ظلم وستم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جو بھی بی آر ایس کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا۔ اس کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وقت بھی آئے گا اور تب سب کو مناسب جواب دیا جائے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *