
پونے (پی ٹی آئی) ایک مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے شخص نے شہر کے مصروف سوارگیٹ بس اسٹانڈ میں ٹھہری ریاستی آر ٹی سی کی ایک بس کے اندر ایک 26 سالہ عورت کی مبینہ طورپر عصمت ریزی کی۔
پولیس نے چہارشنبہ کے دن یہ بات بتائی۔ مفرور ملزم کی تلاش میں کئی پولیس ٹیمیں حرکت میں آچکی ہیں۔ منگل کی صبح کے اس واقعہ پر اپوزیشن قائدین کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کو جو چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس کے پاس ہے‘ پونے ریجن میں بڑھتے جرائم سے نمٹنے میں ناکام رہنے کا موردِ الزام ٹھہرایا۔
36 سالہ دتاتریہ رام داس گڑے کے خلاف چوری اور چین چھیننے کے کیسس درج ہیں۔ سوارگیٹ مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ٹی سی) کا ایک بہت بڑا بس جنکشن ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی۔ اسے پکڑنے کے لئے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
این سی پی (ایس پی) قائد اور بارہ متی کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے نے بی جے پی کی مہاراشٹرا حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ قریب میں پولیس چوکی ہے اور علاقہ میں پٹرولنگ ہوتی رہتی ہے۔ سوارگیٹ میں ایسی واردات بتاتی ہے کہ غیرسماجی عناصر کو قانون کا کوئی ڈر نہیں رہا۔
یہ کیس فاسٹ ٹریک عدالت میں چلنا چاہئے اور ملزم کو سخت سزا دی جانی چاہئے۔ صدر مہاراشٹرا پردیش کانگریس ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ ریاست میں عصمت ریزی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔ ایم ایس آر ٹی سی کی بسیں مہاراشٹرا کی جیون ریکھا (شہ رگ / لائف لائن) ہیں اور اب ایم ایس آر ٹی سی کی ایک بس کے اندر عصمت ریزی ہوئی ہے۔
دہلی میں نربھئے واقعہ کے بعد جنتا نے حکومت بدل دی تھی۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت عورتوں کو مالی امداد دینے کی لاڈلی بہن اسکیم چلاتی ہے لیکن اس نے عوام کے بنیادی مسائل کو نظرانداز کررکھا ہے۔