
حیدرآباد کے وجئے آنند گراؤنڈ، آرام گھر میں آج ایم ایس کے پرساد انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے، اور حیدرآباد کے رکنِ لوک سبھا بیرسٹر اسدالدین اویسی کے تعاون سے، فاسٹ بولرز کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے حیدرآبادی کرکٹر محمد سراج کی محنت اور کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے محمد سراج کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو حوصلہ دیا کہ وہ حیدرآباد کے اگلے محمد سراج بننے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد ہی کامیابی کی کنجی ہے اور حیدرآباد کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
اس پروگرام میں سابق انڈین کرکٹر ایم ایس کے پرساد، خود محمد سراج اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کی اور کرکٹ میں آگے بڑھنے کے مشورے دیے۔
اس ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے باصلاحیت فاسٹ بولرز کی نشاندہی کی جائے گی، جنہیں مستقبل میں مزید تربیت دی جائے گی تاکہ وہ اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔