
حیدرآباد۔ سٹی پولیس نے نقلی انجن آئیل فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر کے 534 لیٹر نقلی آئل برآمد کر لیا جس کی تقریباً 45,000 روپے ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم HP کمپنی کے نام پر نقلی انجن آئیل فروخت کر کے غیر قانونی منافع حاصل کررہا تھا۔
25 فروری 2025 کو افضل گنج پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع “جی ایس سنس پیٹرو پروڈکٹس” پر دھاوا کیا گیا اور وسیم خان نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا جو پلاسٹک کے ڈبوں میں نقلی آئیل بھر کر HP ENKLO 46 کے نقلی اسٹیکرس لگا کر مارکیٹ میں فروخت کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم وسیم خان دارالشفا کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔
وسیم خان افضل گنج میں “جی ایس سنس پیٹرو پروڈکٹس” کے نام سے کاروبار چلا رہا تھا۔ کم آمدنی کے باعث زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں اس نے ممبئی سے ایجنٹس کے ذریعے نقلی انجن آئیل منگوانا شروع کیا۔ ملزم روڈ ٹرانسپورٹ کے ذریعے آئل دکان پر ذخیرہ کرتا پلاسٹک کے ڈبوں میں بھر کر نقلی اسٹیکرس چسپاں کرتا اور اسے اصل آئیل کے طور پر فروخت کر دیتا تھا۔
مصدقہ اطلاع پر کمشنر ٹاسک فورس، سنٹرل زون ٹیم نے چھاپہ مار کر نقلی آئیل ضبط کر لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے ایس ایچ او افضل گنج پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔