
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر کے تمام اسکولوں بشمول CBSE، ICSE، IB اور دیگر بورڈز میں تلگو زبان کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھانے کا حکم جاری کیا ہے۔ یہ اقدام 2018 میں نافذ کیے گئے تلنگانہ (اسکولوں میں تلگو کی لازمی تدریس اور سیکھنے) ایکٹ کے تحت کیا گیا تھا، جس کا مقصد طلبہ میں تلگو زبان اور ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
2018-2019 میں تلگو کو کلاس 1 اور کلاس 6 میں لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرایا گیا اور اسے بتدریج اعلیٰ جماعتوں تک وسعت دینے کا منصوبہ بنایا گیا۔ 2022-2023 میں اس مینڈیٹ کو مکمل طور پر کلاس 1 سے 10 تک لاگو کر دیا گیا اور تمام اسکولوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تلگو کو دوسری زبان کے طور پر شامل کریں۔
تلگو زبان کی تدریس کو آسان بنانے کے لیے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) نے دو مختلف نصابی کتب تیار کی ہیں، ایک مقامی تلگو بولنے والے طلبہ کے لیے اور دوسرا ان طلبہ کے لیے جن کی مادری زبان تلگو نہیں ہے۔ یہ فیصلہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلگو زبان کو فروغ دینے اور نئی نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑنے کے لیے کیا گیا ہے۔