کامیاب آغاز لیکن ناکام فلمی کیریئر۔میں نے پیار کیا کی ہیروئن بھاگیہ شری کی کہانی

ممبئی ۔ فلم انڈسٹری میں جگہ بنانا آسان نہیں ہر سال کئی نئے چہرے بالی ووڈ میں قدم رکھتے ہیں مگر صرف چند ہی اپنی شناخت قائم کر پاتے ہیں۔ بعض اداکار ایسے بھی ہوتے ہیں جو ایک کامیاب فلم کے بعد گمنامی میں چلے جاتے ہیں۔ 90 کی دہائی کی ایک ایسی ہی اداکارہ بھاگیہ شری تھیں جنہوں نے اپنی شرائط پر فلموں میں کام کیا لیکن ان کا کیریئر زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔

 

بھاگیہ شری کا اصل نام شریمتے ستسنگی تھا اور وہ 23 فروری 1969 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے سلمان خان کے ساتھ 1989 میں “میں نے پیار کیا” سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔ فلم زبردست ہٹ ہوئی لیکن ان کا فلمی سفر زیادہ کامیاب نہ رہا۔  دلچسپ بات یہ ہے کہ بھاگیہ شری نے “میں نے پیار کیا” کے لیے سلمان خان سے زیادہ فیس لی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ہر کسی کو لگا کہ وہ بالی ووڈ میں لمبے عرصے تک راج کریں گی مگر ایسا نہ ہو سکا۔

 

بھاگیہ شری ایک قدامت پسند خاندان سے تعلق رکھتی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے فلموں میں کام کرنے کے لیے کچھ شرائط رکھی تھیں۔ وہ کسی بھی فلم میں کسنگ سین نہیں کریں گی۔وہ صرف چڑی دار اور روایتی لباس پہنیں گی کیونکہ ان کے والد نے جینز اور جدید لباس پہننے کی اجازت نہیں دی تھی۔

 

“میں نے پیار کیا” کے بعد بھاگیہ شری کی کوئی بھی فلم کامیاب نہ ہو سکی۔ انہوں نے “تیاگی” (1992)، “پائل” (1992) اور “گھر آیا میرا پردیسی” (1993) جیسی فلموں میں کام کیا مگر سب فلاپ ثابت ہوئیں۔  ناکامی کے بعد انہوں نے بھوجپوری فلموں میں بھی قسمت آزمائی اور روی کشن اور منوج تیواری جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا مگر یہاں بھی وہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔

 

جب بھاگیہ شری کا فلمی کیریئر نہ چلا،ض تو 19 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے خاندان کے خلاف جا کر اپنے بچپن کے دوست “ہمالیہ داسانی” سے شادی کر لی۔ ان کے والدین اس شادی کے خلاف تھےلیکن بھاگیہ شری نے سلمان خان کی حمایت سے مندر میں ہمالیہ داسانی سے شادی کر لی۔ ان کی اور ہمالیہ کی پہلی ملاقات اسکول کے دنوں میں ہوئی تھی۔ شادی کے بعد انہوں نے فلموں کو خیرباد کہہ دیا اور فیملی لائف کو ترجیح دی۔

 

آج بھی بھاگیہ شری اپنی فیملی کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں اور فلمی دنیا سے تقریباً کنارہ کش ہو چکی ہیں البتہ وہ کبھی کبھار کچھ ٹی وی شوز اور انٹرویوز میں نظر آتی ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *