
حیدرآباد: مِیڑچل ضلع کے کوشائی گوڑہ علاقہ میں ایک دِل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں بیٹے نے اپنے ہی باپ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ یہ وحشیانہ واردات کھلے عام، سب کے سامنے انجام دی گئی، جب ملزم نے چاقو سے پے در پے وار کر کے اپنے والد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتول آریلی موگلی (45)، سکندرآباد لالاپیٹ کا رہائشی تھا اور پیکرز اینڈ موورز کمپنی میں کام کرتا تھا، جہاں اس کا بیٹا سائی کمار بھی ملازمت کرتا تھا۔ رپورٹس کے مطابق، موگلی شراب کا عادی تھا اور نشے کی حالت میں اکثر گھر میں جھگڑے کرتا تھا۔ اس کے علاوہ، باپ اور بیٹے کے درمیان جائیداد کے تنازعات بھی چل رہے تھے۔ ان تمام باتوں سے تنگ آ کر سائی کمار نے اپنے باپ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
ہفتہ کی دوپہر، جب موگلی لالاپیٹ سے بس میں سفر کر رہا تھا، سائی کمار نے اسے خفیہ طور پر فالو کیا۔ جیسے ہی موگلی ECIL بس ٹرمینل پر اترا، سائی کمار نے پیچھے سے آ کر اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ قاتل نے بے دردی سے 15 بار چاقو گھونپ کر اپنے باپ کو شدید زخمی کر دیا۔
واقعہ دیکھ کر مقامی لوگوں نے زخمی موگلی کو فوراً اسپتال منتقل کیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ یہ وحشیانہ قتل وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا، جس کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سائی کمار کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے اس ہولناک قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اس واقعہ نے علاقہ میں شدید سنسنی اور خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔