
نئی دہلی: کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کی طبیعت بگڑنے پر انہیں دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں پیٹ سے متعلق تکلیف کی شکایت کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ہاسپٹل انتظامیہ کے مطابق سونیا گاندھی کی حالت مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال آئی تھیں اور جمعہ کی صبح تک انہیں ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔
اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بیان میں کہاکہ سونیا گاندھی کو پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے جمعرات کی شام 8:30 بجے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کا معمول کا معائنہ کیا گیا ہے اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
اس سے قبل ستمبر 2023 میں بھی ہلکے بخار کے باعث انہیں سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی نے دسمبر 2024 میں اپنی 78ویں سالگرہ منائی تھی۔