
سوال: آج کل مختلف کمپنیوں کے موبائل آرہے ہیں، جس کے اندر نیٹ سے مربوط ایک ایسا اسٹور ہوتا ہے جس میں اچھے اور برے ہر طرح کی ایپس موجود ہوتے ہیں ،بہت سے مسلمان اس سے اپنے موبائل میں قرآن مجید اور دوسری دینی کتابوں کے ایپ Install کرتے ہیں،
اور بہت سے اہم چیزیں بھی رکھتے ہیں، لیکن بہت سے نوجوان گیمس، فحش تصاویر، ویڈیوز، فلمی گانے اور مخرب اخلاق ایپس اور کتابیں رکھتے ہیں، اس پس منظر میں سوال یہ ہے کہ کیا اپنے موبائل میں قرآن مجید یا دوسری دینی کتابوں کے ساتھ ساتھ دوسری غیر اخلاقی چیزیں رکھنا درست ہے؟ نیز کیا ان چیزوں کے رہتے ہوئے موبائل پر قرآن مجید اور دینی کتابوں کا پڑھنااور دیکھنا جائز ہے؟( عبدالہادی، منگلور)
جواب:- موبائل فون جس طرح جائز اور نفع بخش چیزوں میں استعمال کیے جاتے ہیں، اسی طرح غیر اخلاقی چیزوں کے لیے بھی ان کا استعمال ہوتا ہے؛ اس لئے بے حیائی پر مبنی ویڈیوز اور آڈیوز کا موبائل میں ڈاؤن لوڈ کرنا جائز نہیں اور اس سے بچنا واجب ہے؛
البتہ اگر کسی دوسرے کا موبائل ہو اور آپ کو قرآن مجید کی تلاوت میں اس سے استفادہ کی ضرورت پڑ رہی ہو اور آپ نے اس میں سے قرآن مجید نکال کر تلاوت کر لی تو یہ جائز ہے؛ مگر یوں تو کسی بھی موبائل میں غیر اخلاقی ویڈیو کا ڈاؤن لوڈ کرنا جائز نہیں ہے؛
لیکن جس موبائل میں قرآن مجید ڈاؤن لوڈ ہو، اس میں اس طرح کے مخرب اخلاق ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے میں دوہرا گناہ ہے، ایک تو ناجائز کام کرنے کا، اور دوسرے قرآن مجید کی ایک طرح کی بے حرمتی کا:
الأفضل إن لا يدخل الخلاء وفي كمه مصحف إلا إذا اضطر ونرجو أن لا يأثم بلا اضطرار اهـ وأقره الحموي وفي الحلبي الخاتم المكتوب فيه شيء من ذلك إذا جعل فصه إلى باطن كفه قيل لا يكره والتحرز أولى، (حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح، كتاب الطهارة، فصل فيما يجوز به الاستنجاء، ص: 54)