مصر کے اخبار ’الاحرام‘ کے مطابق حکومت نے غزہ کی ترقی کا روڈ میپ تیار کیا ہے، جسے سعودی عرب، یو اے ای، اردن اور قطر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔


غزہ کی تباہی کا منظر / آئی اے این ایس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز کے خلاف 5 مسلم ممالک نے مخالفت شروع کر دی ہے۔ مصر کی سربراہی میں مسلم ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کی بازآبادکاری وہ خود ہی کریں گے۔ مصر نے غزہ کی بازآبادکاری کے حوالے سے تجویز بھی تیار کر لی ہے۔ فروری ماہ کے اخیر میں اس تجویز کو آخری شکل دی جائے گی۔ مصر کے اخبار ’الاحرام‘ کے مطابق حکومت نے غزہ کی ترقی کا روڈمیپ تیار کیا ہے، جسے سعودی عرب، یو اے ای، اردن اور قطر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اگر اس تجویز کو منظوری مل جاتی ہے تو فلسطین کے ساتھ بات چیت کر کے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
مصر نے غزہ کی بازآبادکاری کے لیے جو تجویز تیار کی ہے اس کے مطابق اس شہر کو دوبارہ آباد کرنے میں 5 سال کا طویل وقت لگے گا۔ علاوہ ازیں تجویز میں یہ بھی ذکر ہے کہ مصر لوگوں کے لیے محفوظ جگہ (بنکر) کی بھی تعمیر کرے گا۔ بنکر کا فائدہ یہ ہوگا کہ اسرائیلی حملوں سے بچنے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں موبائل گھر اور پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ ساتھ ہی مصر نے غزہ کے لوگوں کو روزگار اور ملازمت فراہم کرنے کی بھی تجویز تیار کی ہے، جس میں مسلم ممالک مشترکہ طور پر شامل ہوں گے۔ واضح ہو کہ شروعاتی بات چیت میں اگر تجویز پر مسلم ممالک کی رضامندی ہو جاتی ہے تو جلد ہی مصر کی جانب سے ایک بین الاقوامی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی اس پروجیکٹ کی قیادت کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و امان قائم کرنے کے لیے امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے ایک تجویز پیش کی تھی۔ ٹرمپ کے مطابق غزہ کے لوگوں کو مصر اور اردن میں آباد کر دیا جائے اور غزہ کی خالی زمین کو امریکہ کے حوالے کر دیا جائے۔ علاوہ ازیں ٹرمپ نے اپنی تجویز میں یہ بھی کہا کہ امریکہ غزہ کو ایک سیاحتی مقام بنائے گا، جہاں لوگ سیر و تفریح کے لیے جا سکیں گے۔ امریکہ کی اس تجویز کو فسلطین نے بیوقوفانہ بتایا جب کہ اسرائیل نے اس تجویز کا استقبال کیا ہے۔ اسرائیل نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر غزہ کے لوگ کسی دوسرے ملک میں ہجرت کرنا چاہتے ہیں تو اسے امدادی فنڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔