مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، حزب اللہ اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے تحت صہیونی فوج کو لبنان کے سرحدی علاقوں سے انخلاء کرنا تھا تاہم عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ غاصب صہیونی فوج جنوبی لبنان کے پانچ اہم اور حساس مقامات پر موجود ہے۔
المنار چینل کی جانب سے لبنان کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے جاری نقشے کے مطابق صہیونی فوج نے جنوبی لبنان سے انخلاء کے باوجود پانچ اہم مقامات پر قبضہ برقرار رکھا ہوا ہے جن میں شبعا فارمز اور دیگر قصبے شامل ہیں۔
نقشے میں زرد رنگ والے علاقوں سے صہیونی فوج نے انخلاء کیا ہے جبکہ سرخ رنگ والے علاقے اب بھی صہیونی فوج کے قبضے میں ہیں۔ سبز رنگ کے علاقے مقبوضہ فلسطین جبکہ شام کے مقبوضہ جولان کے علاقے پر خاکی رنگ لگایا گیا ہے۔
صہیونی فوج کے زیرقبضہ علاقوں میں الخیام قبصے کے جنوب میں واقع الحمامص کی پہاڑیاں، یونیفل کے اڈے کے قریب واقع قصبے حولا اور مرکبا، عیترون قصبے میں جل الدیر کا زیرو پوائنٹ علاقہ، رامیہ اور الزلوطیہ قصبوں کے درمیان واقع بلاط کا پہاڑی علاقہ اور علما الشعب اور الناقورہ قصبوں کے درمیان واقع لبونہ کی پہاڑیاں شامل ہیں۔
صہیونی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان علاقوں میں اپنے اڈے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت صہیونی فوج کو آج مکمل طور پر جنوبی لبنان سے انخلا کرنا تھا لیکن اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ وہ ان پانچ علاقوں میں اپنی فوج برقرار رکھے گا۔