کچھ طاقتیں خلیج فارس کو بحران کا مرکز بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، عراقچی

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خلیج فارس کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کہا کہ خلیج فارس ہمیشہ سے ایک اہم آبی گزرگاہ اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل علاقہ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تہران کی اصولی پالیسیوں کے باوجود بدقسمتی سے کچھ علاقائی طاقتیں ناجائز طور پر خلیج فارس کو بحران کا مرکز بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے متعدد بار خطے میں اسلحہ بھیج کر یہاں کے عوام کے پرامن بقائے باہمی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیج فارس ہمیشہ بیرونی مداخلتوں اور تجاوزات کا شکار رہا ہے۔ استعماری طاقتوں کی حد سے زیادہ لالچ نے خلیج فارس کو سیکیورٹی مسائل میں الجھا دیا ہے۔

انہوں نے خلیج فارس میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں ایران کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی کی حکمت عملی اپنائی ہے جس سے خلیج فارس میں جہاز رانی کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

عراقچی نے واضح کیا کہ نہ صرف ایران کو علاقائی معاملات سے باہر رکھنے کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، بلکہ ایران کی فعال سفارت کاری اور ہمسایہ ممالک پر مرکوز خارجہ پالیسی کے نتیجے میں خلیج فارس ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ اس عمل کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ خطے کے ممالک کے درمیان موجودہ اتفاق رائے برقرار رکھا جائے۔ ہم سب کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب سب کے لیے امن ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ خلیج فارس کی موجودہ صورت حال مزید محفوظ اور مستحکم ہوگی۔ ایران راہداریوں کے اسٹریٹجک کردار سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور شمال-جنوب راہداری اور خلیج فارس-بحیرہ اسود راہداری کو حتمی شکل دینے کے لیے فعال کردار ادا کررہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *