نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ناقص انتظامات کی وجہ سے پیش آیا، جس کے باعث مسافروں میں افرا تفری مچ گئی اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ یادو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی تفصیلی جانچ کرائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرے۔
دیویندر یادو نے اپنے بیان میں کہا، ’’یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم جانیں چلی گئیں، جس سے ریلوے کے ناکافی انتظامات کی نشاندہی ہوتی ہے۔ ابتدائی طور پر 18 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے لیکن جو مناظر اسٹیشن پر دیکھے گئے اور وہاں موجود افراد نے جو بیان دیا، اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔‘‘