مہر نیوز رپورٹر کے مطابق، تہران کے مہر آڈیٹوریم میں شہید سید عارف الحسینی کی شخصیت پر راشد عباس نقوی کی تحریر کردہ کتاب “روشنی کے سفیر” کی تقریب رونمائی ہوئی۔
تقریب سے اسلامی تبلیغی مرکز کے سربراہ حجۃ الاسلام محمد قمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید حسینی کی شخصیت کا کئی پہلووں سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ایک یہ کہ پاکستانی معاشرے اور شیعوں پر ان کے اثرات، دوسرا، نجف اور قم کے دوران کی جدوجہد اور تیسرا اس شخصیت کا بین الاقوامی پہلو ہے جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے شہید عارف الحسینی کے بارے میں امام خمینی کے پیغام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امام خمینی کے پیغام کی وساطت سے شہید حسینی کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی۔ وہ تمام خصوصیات جو امام راحل نے شہید حسینی کے بارے میں بیان کی ہیں وہ ایک عظیم مرتبے کی حامل شخصیت کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ شہید حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ کے موقع پر ہمیں عارف حسینی جیسی شخصیات کے بارے میں اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم آئندہ اس سلسلے میں غفلت کا شکار نہ ہوں۔