دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کرنے کے لیے اعلی حکام کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، قالیباف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے حکومتی عہدیداروں کے مشترکہ موقف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعلی حکام کے درمیان یکجہتی نہ صرف دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کرنے میں مؤثر ہے بلکہ خارجہ پالیسی میں صدر مملکت کی پوزیشن کو بھی مضبوط کرتی ہے۔

پارلیمانی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے نیمہ شعبان کی تقریبات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد مقدس جمکران سمیت تمام شہروں میں حضرت امام مہدی (عج) کی ولادت کی خوشی میں جوش و خروش سے منعقد ہونے والی تقریبات ملت ایران کی اہل بیت (ع) سے والہانہ محبت کی علامت ہیں۔

قالیباف نے 22 بہمن کی ریلی میں عوام کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے اپنے اتحاد، یکجہتی اور وطن سے محبت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقتصادی مشکلات کے حل اور قومی مسائل کے ازالے کے لیے بھرپور اور انتھک جدوجہد کریں تاکہ عوام کی محبتوں کا کچھ حق ادا کیا جا سکے۔

قالیباف نے صدر پزشکیان کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے امریکی صدر کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر رہبر انقلاب کی ہدایات کو حتمی اور فیصلہ کن قرار دے کر دشمن کی دو قطبی سازش کو ناکام بنایا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکام کی متحد آواز اور یکجہتی خارجہ پالیسی میں دشمن کی غلط فہمیوں کو دور کرنے اور ایران کے عوام کے ساتھ اس کے رویے کو تبدیل کرنے میں مؤثر ثابت ہوئی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *