
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی شام شدید بھیڑ کے باعث بھگدڑ مچنے سے 15 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ اس حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں قریبی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔
ریلوے اسٹیشن پر یہ بھیڑ اتر پردیش کے پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میلہ جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھاری بھیڑ دیکھی جا سکتی ہے۔
دہلی فائر سروس کے سربراہ اتل گرگ کے مطابق یہ واقعہ رات 9:55 بجے پلیٹ فارم نمبر 14 اور 15 پر پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکام نے فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کیں اور چار فائر بریگیڈ گاڑیاں امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجی گئیں۔ بھگدڑ کی اصل وجہ ابھی واضح نہیں ہوسکی، لیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق پریاگ راج مہا کمبھ کے لیے چلنے والی ٹرینوں کی وجہ سے اسٹیشن پر شدید بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔