امن کانفرنس میں شرکت کے لیے ایرانی نیول چیف کا دورہ پاکستان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ ہمسایہ ملک کے حکام سے ملاقات کریں گے۔

ایڈمرل شہرام ایرانی ہفتے کی صبح پاکستان کے جنوبی ساحلی شہر کراچی پہنچے۔ ان کا یہ دورہ پاکستانی بحریہ کے کمانڈر کی باضابطہ دعوت پر ہو رہا ہے تاکہ امن-25 بحری مشق اور امن ڈائیلاگ میں شرکت کرسکیں۔

ایرانی بحریہ پاکستان کی میزبانی میں منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق “امن-25” کے نویں ایڈیشن میں شرکت کر رہی ہے جو جمعہ کے روز کراچی میں شروع ہوئی۔

اس مشق میں 60 سے زائد ممالک کی بحری افواج، بحری جہاز، طیارے، اسپیشل آپریشن فورسز، بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے والی میرین ٹیمیں، اور مبصرین شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس مشق کا مقصد سمندری سیکورٹی کو فروغ دینا اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے تاکہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔

ایرانی بحریہ کے ایک جنگی جہاز سمیت ایک وفد بھی ان مشقوں میں شریک ہے۔ مشقیں 7 فروری سے 11 فروری تک جاری رہیں گی۔

ایرانی دفاعی وفد امن ڈائیلا میں بھی شرکت کے علاوہ پاکستانی عسکری حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ایران کو ان مشقوں میں شرکت کی باضابطہ دعوت اس وقت دی تھی جب حال ہی میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *