![](https://urduleaks.com/wp-content/uploads/2025/02/Screenshot_2025-02-07-16-38-12-52_40deb401b9ffe8e1df2f1cc5ba480b12-780x470.jpg)
دہلی میں “آپریشن کنول”۔ عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کو وزارت اور 15 کروڑ کا آفر
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج سے ایک دن قبل عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے پارٹی کے 70 امیدواروں کا ایک اہم اجلاس طلب کیا۔ اس دوران پارٹی کے سینئر قائد اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے عام آدمی پارٹی کے سات امیدواروں کو 15-15 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے تاکہ وہ پارٹی چھوڑ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے ووٹوں کی گنتی سے قبل ہی ‘آپریشن لوٹس’ کو فعال کر لیا ہے اور وہ عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے۔سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ صرف دو گھنٹوں کے اندر ان کے 16 امیدواروں کو فون کالز موصول ہو چکی ہیں، جن میں انہیں پارٹی چھوڑنے پر وزیر بننے اور 15 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کا مقصد دہلی میں حکومت کے قیام کے لیے عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کو اپنے ساتھ شامل کرنا ہے۔
اروند کجریوال نے بھی ایگزٹ پولز پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کچھ ایجنسیاں بی جے پی کو 55 سے زیادہ سیٹیں دکھا رہی ہیں، جبکہ حقیقت میں ان کی پارٹی کے امیدواروں کو مسلسل فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ الزامات بے بنیاد نہیں ہیں اور اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ ان کے امیدواروں کو وزارت اور بڑی رقم کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف بی جے پی نے انالزامات کی تردید کی ہے اور ثبوت مانگا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے قائدین کا کہنا ہے کہ کال ریکارڈنگ نہیں ہے کیونکہ یہ واٹس ایپ کالس تھے۔