نوئیڈا ہوائی اڈے سے مسافروں کا کرایہ دہلی سمیت دیگر ایئر پورٹ کے مقابلے میں کم ہو سکتا ہے، کیونکہ ہوائی اڈے کی تعمیر سے قبل ہوئے معاہدے میں یوپی حکومت نے ایندھن پر ایک فیصد وَیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ، جسے جیور ایئرپورٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سے پرواز کی بکنگ 6 فروری سے شروع ہونے والی تھی لیکن اب ملتوی کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ابھی یہاں سے بکنگ شروع نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جیور ہوائی اڈہ سے پرواز کی بکنگ مارچ سے شروع ہو سکتی ہے۔ اگر مارچ سے پرواز کی بکنگ شروع ہوتی ہے تو پہلے ہی روز 25 شہروں کے پرواز کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
واضح ہو کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر پرواز کی لینڈنگ اور ٹیک آف کا کامیاب ٹرائل گزشتہ سال 9 دسمبر کو مکمل کیا گیا تھا۔ اس سے متعلق تمام ڈیٹا ’یمنا انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ‘ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کو بھیج دیا تھا اور 3 جنوری کو ایروڈروم لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔ اس درمیان امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نوئیڈا ہوائی اڈے سے مسافروں کا ہوائی کرایہ دہلی ایئر پورٹ اور دیگر ایئر پورٹ کے مقابلے میں کم ہو سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہوائی اڈے کی تعمیر سے قبل ہوئے معاہدے میں اترپردیش حکومت نے ایندھن پر ایک فیصد وَیٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ انتہائی کم ہے۔ دہلی ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے والے طیاروں کو ایندھن پر 25 فیصد وَیٹ دینا پڑتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو اپریل میں شروع کرنے کے اعلان پر مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے آر نائیڈو نے منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ٹاور بنا کر تیار کر لیا گیا ہے اور اسے ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوائی اڈے پر مزید دیگر آلات لگائے جانے ہیں جن کی اے اے آئی جانچ کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔